قفل مدینہ کورس

اشاروں کی زبان Sign Language

تبلیغ قران وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکزفیضان مدینہ باب المدینہ کراچی میں اشاروں کی زبان سکھانے کیلئے12شعبان المعظم ١٤٢٥ھ بمطابق28جولائی2004ء کو عمومی اسلامی بھائیوں کیلئے30 روزہ" قفل مدینہ کورس" برائے اشاروں کی زبان کا آغازہوا تاکہ قوت گویائی و سماعت سے محروم افراد سے رابطہ کرکے انہیں نیکی کی دعوت دی جائے اوران کی مدنی تربیت کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری دینی مسائل بھی سکھائے جائیں۔ اللہ و رسول عزوجل و صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے فضل و کرم اور امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ کی نگاہ فیض کی برکت سے30 دن کے قلیل عرصے میں ہونے والا یہ تربیتی کورس کامیابی سے مکمل ہوا۔اشاروں کی زبان کے اس کورس کی برکت سے خصوصی (یعنی گونگے بہرے)اسلامی بھائیوں میں ہونے والا مدنی کام دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان کے کئی شہروں بلکہ بیرون ملک تک جا پہنچا۔

الحمد للہ عزوجل تادم تحریر دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ستمبر2007ء تک اشاروں کی زبان کے" 12 مدنی کورس "ہوچکے ہیں۔ اشاروں کی زبان کے تربیت یافتہ سینکڑوں اسلامی بھائی پاکستان بھر میں گونگے بہرے اسلامی بھائیوں میں نیکی کی دعوت عام کرنے میں مصروف ہیں۔ بلاشبہ یہ تبلیغ قرآن و سنت کی عالمگیر تحریک دعوت اسلامی کا وہ منفرد اورعظیم کارنامہ ہے جس کی دور دور تک مثال نہیں ملتی۔

صلو ا علی الحبیب! صلی اللہ تعالی علی محمد

قفل مدینہ کورس کیا ہے؟

اسمنفرد تربیتی کورس میں ان مبلغین اسلامی بھائیوں کی30 دن کیلئے تربیت کی جاتی ہے جوگونگے بہرے اسلامی بھائیوں میں دعوت اسلامی کا مدنی کام کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ اس کورس میں اشاروں کی زبان کی ضرورت و افادیت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اشاروں کی زبان میں مختلف چیزیں سکھائی جاتی ہیں،مثلاً

  • حمد باری تعالی
  • نعت رسول مقبول۔صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم
  • مناقب صحابہ واولیاء رحمہم اللہ
  • (عاشقان رسول شروع ہی سے اجتماع ذکرو نعت میں حمدو نعت اور مناقب سن کر جھومتے اور اپنے دلوں کو منور کرتے ہیں مگر اب تک گونگے بہرے اسلامی بھائی غالباًاس کی لذت و چاشنی سے محروم تھے۔ الحمد للہ عزوجل دعوت اسلامی نے گونگے بہرے اسلامی بھائیوں کو خوف خدا عزوجل ، عشق رسول اور محبت صحابہ ، اولیاء و اہلبیت اطہار رضی اللہ تعالی عنہم سے آشنا کیا۔ الحمد للہ عزوجل گونگے بہرے اشاروں کی زبان میں حمد و نعت سے مشرف ہو کر خوف خدا ، عشق مصطفی صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم میں روتے اور تڑپتے ہیں۔)
  • سنتوں بھرے بیانات
  • ذکر
  • دعا
  • صلوۃ وسلام
  • علاقائی دورہ برائے نیکی کی دعوت کا طریقہ
  • مدنی قافلہ میں سفر کا طریقہ
  • انفرادی کوشش
  • اشاروں کی زبان سکھانے کی خصوصی تربیت
  • غیر شرعی اشاروں کی نشاندہی اور ان کا نعم البدل

صلو ا علی الحبیب! صلی اللہ تعالی علی محمد

بیرون ملک گونگے بہرے اسلامی بھا ئیوں میں مد نی کام

الحمد للہ عزوجل خصوصی(یعنی گونگے بہرے) اسلامی بھائیوں میں کیا جانے والا یہ منفرد مدنی کام صرف پاکستان تک محدود نہیں رہا بلکہ اشاروں کی زبان کے تربیت یافتہ کئی اسلامی بھائی بیرون ملک جاکربالخصوص گونگے ،بہرے اور نابینا اسلامی بھائیوں میں مدنی کاموں کی دھوم مچانے میں مصروف ہیں۔

صلو ا علی الحبیب! صلی اللہ تعالی علی محمد

بنگلہ د یش میں قفل مدینہ کورس کی ابتداء

الحمد للہ عزوجل خصوصی(یعنی گونگے بہرے) اسلامی بھائیوں میں نیکی کی دعوت کی دھومیں مچانے کے مقدس جذبے کے تحت 6 شوال المکرم 1428ھ (19-10-2007) سے ملک بنگلہ دیش کے شہر" چٹا گام" میں (اشاروں کی زبانSign Language) سکھانے کیلئے تربیتی کورس شروع ہو چکاہے۔

صلو ا علی الحبیب! صلی اللہ تعالی علی محمد

Top